ڈاکٹروں کے مطابق بظاہر نہایت پیچیدہ اس آپریشن کو باآسانی مکمل کیا گیا۔خوش قسمتی سے یہ ٹیومر بے ضرر تھا۔ سرجری کے ایک ہفتے بعد اس خاتون کو ہسپتال سے فارغ بھی کر دیا گیا۔
جرمنی کی مشہور ماگ ڈیبرگ یونیورسٹی میں قائم خواتین کے امراض سے متعلق کلینک کے ڈاکٹروں نے ایک نوجوان خاتون مریضہ کی بیضہ دانی کا آپریشن کر کے 32 کلوگرام وزنی ایک ٹیومر نکال لیا۔ طبی عملے کے مطابق یہ ٹیومر بے ضرر تھا تاہم طویل عرصے سے کسی کا دھیان اس کی طرف نہیں گیا تھا۔
جرمنی کے وسط میں دریائے ایلبے پر واقع شہر ماگڈیبرگ یونیورسٹی اپنے اس کلینک کی وجہ سے بھی کافی شہرت رکھتی ہے۔ اس کلینک میں اکثر پیچیدہ قسم کے آپریشن اور نت نئی طبی ریسرچ ہوتی رہتی ہے۔ گزشتہ ہفتے ماگڈیبرگ یونیورسٹی کلینک نے ایک حیران کُن آپریشن کے بارے میں تفصیلات عام کیں۔ ہسپتال کے عملے کے مطابق اس کلینک میں ایک 24 سالہ نوجوان خاتون کی بیضہ دانی کا آپریشن کر کے 32 کلو گرام وزنی ایک ٹیومر نکال لیا گیا ہے۔