پاکستان

آصفہ نے اپوزیشن کے شور شرابے میں قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا

صدر مملکت آصف زرداری کی بیٹی و پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکرسردار ایاز صادق کی زیر صدارت 40 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تلاوت قران پاک کے بعد اسپیکر نے پیپلز پارٹی کی نومنتخب رکن اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کو حلف کے لیے کہا تو اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور نعرے بازی شروع کر دی۔

اس کے جواب میں پیپلز پارٹی کے ارکان بھی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور جواباً نعرے بازی شروع کر دی۔ اس دوران شور شرابے میں آصفہ بھٹو حلف لیتی رہیں۔ حلف کے بعد جب انہیں رول آف ممبر پر دستخط کے لیے اسپیکر ایاز صادق نے بلایا تو ان کے ساتھ پیپلز پارٹی کے چند دیگر اراکین بھی گئے۔

آصفہ بھٹو زرداری حلف کے بعد گیلری میں بیٹھی اپنی بہن بختاور بھٹو زرداری، وزرائے اعلیٰ سندھ اور بلوچستان کے علاوہ پیپلز پارٹی سندھ کی قیادت سے ملیں اور اس کے بعد اپنے والد صدر مملکت آصف زرداری سے ملنے صدارتی چیمبر چلی گئیں۔

ان کے جاتے ہی پیپلز پارٹی کے قادر پٹیل نے شور شرابے میں کورم کی نشاندہی کردی اور ساتھ ہی پیپلز پارٹی کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ گنتی پر ایوان میں صرف 64 ممبران موجود تھے جس پر اسپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔

خیال رہے کہ آصفہ بھٹو زرداری نواب شاہ کے حلقے این اے 207 سے بلا مقابلہ منتخب ہوئی تھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button