ہری پور(جاوید خان جدون سے)ایف پی سی سی آئی خیبرپختونخوا کے نو منتخب نائب صدر عون علی سید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بالخصوص پشاور کے صحافیوں نے جس طرح مشکل ترین حالات کے باوجود حق و سچ کا علم بلند کیے رکھا وہ یقینی طور پر لائق تحسین ہے، دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے میں صحافیوں کا کردار اہم ترین ہے، بزنس کمیونٹی اپنے صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں نو منتخب کابینہ کو الیکشن جیتنے کی مبارکباد دیتے ہوئے اظہار خیال کرتے کیا۔ عون علی سید نے پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک اور دیگر کامیاب ہونے والے عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائی سے منہ میٹھا کروایا۔ پریس کلب کابینہ نے ایف پی سی سی آئی خیبرپختونخوا کے نائب صدر عون علی سید کو بھی بھاری اکثریت سے نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر پریس کلب کابینہ اور صحافی برادری سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عون علی سید کا کہنا تھا کہ صحافی کسی بھی معاشرے کا انتہائی اہم حصہ ہوتے ہیں، ان کا قلم اور کیمرہ ملکوں کی حالت بدلنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دلیر صحافیوں نے مشکل ترین اور خطرناک ترین حالات میں جس جانفشانی سے اپنے فرائض سر انجام دیے وہ لائق تحسین ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ملکی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے صحافی اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ملک کا مثبت پہلو دنیا کو دکھائیں، بزنس کمیونٹی انکے شانہ بہ شانہ کھڑی رہیگی۔
0 30 1 minute read