اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون نے کہا ہے کہ فرانس ہمیشہ لبنان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی حمایت جاری رکھے گا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے لبنان کے لیے فرانس کی حمایت کا اعادہ کیا۔فرانسیسی صدر کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ہفتے لبنان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس شیڈول ہے۔ایمانیول میکرون نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبنان کی صورتحال فرانس کے لیے تشویش کا باعث ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل کے لبنان اور حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل کے شہروں پر حملے مسلسل جاری ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ چند دنوں کے دوران ہونے والے حملوں میں اب تک 570 لبنانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور 1900 کے قریب افراد زخمی ہیں۔لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے آج غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی دفع تل ابیب کو میزائل سے نشانہ بنایا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے آج صبح اسرائیل کے اہم شہر تل ابیب کے قریب واقع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکواٹر کو قادر ون بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا مگر اسرائیلی دفاعی نظام نے میزائل کو ہوا میں ہی مار گرایا۔حزب اللہ نے بھی اپنے ایک بیان میں تل ابیب کے قریب قائم موساد ہیڈکواٹر کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت اور لبنان کے شہریوں کے دفاع کے لیے آج تل ابیب میں موساد ہیڈکواٹر کو میزائل سے نشانہ بنایا۔حزب اللہ حملے پر بی بی سی نے لکھا کہ تل ابیب کی جانب حزب اللہ کا میزائل حملہ اسرائیل کے لیے ایک پیغام بھی تھا کہ اسرائیلی حملوں کے باوجود اب بھی حزب اللہ اسرائیل کو اپنے میزائلوں سے نشانہ بنانے کی سکت رکھتی ہے۔
0 443 1 minute read