کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر معمولی تیزی کے باعث نئی تاریخ رقم ہوگئی اور بلند ترین سطح کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ میڈیا کے مطابق بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ساڑھے 3 ماہ بعد پی ایس ایکس کی بلند ترین سطح کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای 100 انڈیکس 641 پوائنٹس اضافے سے 66 ہزار 547 پوائنٹس کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر بند ہوا جب کہ اس سے قبل اسٹاک مارکیٹ دسمبر 2023 میں 66 ہزار 426 پوائنٹس کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔ خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کی خبروں اور آئی ایم ایف سے مثبت بات چیت کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو گیا۔ آج پھر پی آئی اے کے حصص سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے جس کے باعث قیمتوں کو اوپری لاک لگ گیا۔ 7 ماہ میں پی آئی اے کے حصص کی قیمت 700 فیصد اضافے سے 27 روپے سے تجاوز کر گئی۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد جمعہ کو پہلی بار اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کریں گے۔
0 75 1 minute read