
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہےکہ میں نےکبھی نہیں کہا کہ حلف نہیں لوں گا، ہمیشہ کہا ہے آئین اور قانون پر عمل کروں گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آج خیبرپختونخوا پہنچ جاؤں گا، وزیر اعلیٰ سندھ سے طیارے کے لیے درخواست کی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میرا جواب ہائی کورٹ میں جمع ہوچکا ہے، میرا جو آئینی فرض ہے وہ ادا کروں گا۔خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو کل نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینےکا حکم دے دیا ہے۔پشاور ہائی کورٹ نے نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ گورنر خیبرپختونخوا نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے دن 4 بجے حلف لیں، اگرگورنر نےحلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکر نومنتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لیں۔




