
سابق سپر ماڈل، اداکارہ و میزبان آمنہ شیخ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی منتقل ہونے اور دوسری شادی کرنے کے بعد پہلی بار انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دوبارہ خاندان شروع کرنے کا فیصلہ انہوں نے سمجھداری سے کیا۔
آمنہ شیخ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر سمیت ذاتی زندگی میں آنے والے مسائل پر بھی بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کے بعد انہوں نے پہلا ڈراما پاکیزہ کیا تھا اور اس وقت ان کی بچی چند ہی ماہ کی تھیں لیکن پھر انہوں نے بیٹی کی پرورش کے لیے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ والدہ بننے کے بعد ان کی ذمہ داریاں بڑھ گئیں اور ان کی زندگی پہلے جیسی نہیں رہی تھی، اس لیے ان کی پہلی ترجیح بیٹی کی بہتر پرورش ہوگئی۔
آمنہ شیخ نے اداکارہ اور ماڈلنگ میں فرق پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ اداکاری کرنا بظاہر آسان ہے، کیوں کہ اس میں گلیمر کم ہوتا ہے لیکن ماڈلنگ میں گلیمرس زیادہ ہوتا ہے، جس وجہ سے بعض خواتین کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے سمجھداری سے اداکاری اور ماڈلنگ کے کیریئر کو آگے بڑھایا اور وہ اس معاملے میں خوش قسمت بھی رہیں۔
اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ باقی افراد کی طرح ان کی زندگی میں بھی مسائل آئے اور انہوں نے ان کا سوچ سمجھ کر مقابلہ کیا اور سمجھداری سے فیصلہ کیا کہ ان کے لیے سب سے اہم کیا چیز ہے؟
آمنہ شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے فیصلہ کیا کہ ان کے لیے سب سے اہم بیٹی کی بہتر پرورش اور زندگی ہے، دوسرے نمبر پر ان کی اپنی زندگی اور کام بھی ہے، اس لیے انہوں نے ملک سے منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے دبئی منتقل ہونے سمیت نئی زندگی اور دوبارہ خاندان بنانے کا فیصلہ سمجھداری سے کیا اور وہ خوش قسمت رہیں کہ انہیں والدین کی مدد بھی رہی جب کہ انہیں معاشی مسائل بھی پیش نہ آئے، کیوں کہ انہوں نے کئی سال تک کام بھی کیا تھا۔