
بزرگوں سے ایک محاورہ سُنتے آئے کہ ہمیشہ دُعامانگو کہ ”خُدایا دُشمن کے شر سے محفوظ رکھ اور اگر کوئی ہوبھی توخاندانی ہو”۔وطن عزیز،سبز ہلالی پرچم کے ازلی دُشمن بھارت نے شروع سے ہی سازشوں کے ذریعے اس پاک دھرتی خطہ فردوس بریں کو نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کی لیکن پاکستان کی غیور قوم اور خصوصاً چٹان صفت مسلح افواج پاکستان نے ہمیشہ دُشمن کومنہ توڑجواب دیا ۔پاکستان کے دُشمنوں چاہے وُہ بھارت ہویااندرونی سازشیں بُننے والے اُنہیں پتہ ہے کہ جب تک پاکستانی قوم اور پاک افواج ایک جسم کی مانند ہیں تب تک پاکستان کادُنیاکی کوئی طاقت کچھ بگاڑ نہیں سکتی ۔دُشمن نے جنگ کی کوشش کی تومنہ کی کھائی لیکن پھر دُشمن نے سازشوں سے وطن عزیز پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں شروع کردیں جس میں پاکستانی قوم اورپاک افواج سمیت تمام سیکیورٹی اداروں ،سیاستدانوں سمیت سبھی نے قربانیاں دیں لیکن دُشمن کی اِس سازش کابھی پاک افواج اور سیکیورٹی اداروں نے اپنی بہادری اور جراتمندی سے خاتمہ کردیا ۔لیکن گزشتہ سال جب ملک انتہائی نازک صورتحال سے گزررہا تھا ،وطن عزیز پاکستان کی افواج ہرمحاذ پر دُشمن کی سازشوں کیخلاف مقابلہ کررہی تھیں ،حکومت پاکستان سیلابی متاثرین سمیت دیگر مصائب میں گھری قوم کو سنبھالنے کی کوششیں کررہی تھی توچند شرپسند عناصر اور سیاسی بونوں نے ایک ایسا بھونچال پیدا کردیا کہ جس کے نتیجے میں سانحہ 9مئی رونما ہوااتنی ہمت تودُشمن نے بھی نہ کی کہ پاکستان اور وطن عزیز کے شہداء کی یاد میں تعمیر یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ،توڑپھوڑ،جلائوگھیرائواوروطن عزیز کے مقدس اداروں کی توہین پاک فوج کے عظیم مجاہدوں کی تصاویر تک کونقصان پہنچایا گیا لیکن یہ چند شرپسند عناصر یہیں تک محدود نہ رہے بلکہ وطن عزیز کے دیگر شہروں کی طرح لاہور میںجناح ہائوس میں توڑپھوڑ کے بعد آگ لگادی ۔قارئین کرام!یہ سب ایک دن میں نہیں ہوا بلکہ آپ کو یاد ہوگا 2013ء سے شروع ہونیوالے دھرنوں ،جلوسوں میں جلائو،گھیرائو،آگ لگائو کی تقاریر،چورچوراور نہ جانے کیاکیاغلیظ اور بے ہودگی پر مبنی بیانات،الزامات اورچند نوجوانوں کی ایسی ذہن سازی کی گئی کہ جس کا نتیجہ 9مئی 2023ء کی صورت میں ہوا ۔9مئی کو عوام اور فوج میں ایسی نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی کہ جس سے ملک کوبہت بڑے نقصان کا خدشہ تھالیکن حکومت وقت اور پاک فوج نے اس تمام صورتحال کو بہت تحمل اور بردباری سے سنبھالا اور قانون کے مطابق اس فتنے کی سرکوبی کیلئے اقدامات کیے ،پاک فوج کے عظیم شہداء کے لواحقین کی دل آزاری اور شہدائے پاکستان کا کردارمجروح کرنیوالی گھنائونی ساز ش کوبے نقاب کیا۔گزشتہ روز وطن عزیز کی چٹان صفت مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف نے راولپنڈی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ9 مئی کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں، 9مئی فوج نہیں بلکہ عوام کا مقدمہ ہے ،یہ کرنے اور کروانے والوں کو سزا دینا پڑے گی، پاکستان کی افواج، ان کے لیڈرز، ایجنسیوں اور اداروں کے خلاف لوگوں کے ذہن بنائے گئے،سیاسی انتشاری ٹولے سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی۔کس طرح لوگوں کو ریاست کے خلاف کھڑے ہونے کی ہمت دی گئی کہ سول نافرمانی کریں، بجلی کے بلز جلائیں، خیبرپختونخوا سے اسلام آباد پر دھاوا بولا گیا، آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے کہ پاکستان کو پیسے نہ دیں اس سب کی کہاں سے فنڈنگ ہو رہی تھی؟۔ترجمان پاک فوج میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس پر بنتا ہے جس کے بارے میں کوئی ابہام ہو، یہاں تو سب کچھ واضح ہے، سچ کھل کر سامنے آگیا تو فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا کیا گیا، ہم 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کے لیے تیار ہیں لیکن پھر پوری تہہ تک جائیں، سیاسی رہنمائوں نے چن چن کر بتایاکہ یہاں حملہ کرو، جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی احاطہ کرے کہ 2014 کے دھرنے کے مقاصد کیا تھے؟ترجمان پاک فوج نے واضح الفاظ میں کہا کہ بات چیت کیلئے صرف ایک ہی راستہ ہے کہ صدق دل سے معافی اور نفرت کی سیاست چھوڑنے کا وعدہ کیاجائے۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف نے کہاکہ ہم اپنی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کررہے ہیں،پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے لیے دل و جان سے کوشش کی، افواج پاکستان کی اولین ترجیح ملک میں امن و امان قائم کرنا ہے ، دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔پاک فوج دہشتگردوں کی راہ میں آہنی دیوار ہے ،خطے کے استحکام کیلئے پاکستان کاکردارسب سے اہم ہے،آرمی چیف کئی بار کہہ چکے ہیں پاکستان میں دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، کشمیریوں کی آواز کو سلب کرنے کیلئے بھارت سرگرم ہے، طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔پاکستان کی غیور قوم اور محب وطن پاکستانی،لواحقین شہدائ، اپنے شہداء جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دے کر اس سوہنی دھرتی ،اس سبز ہلالی پرچم کی حفاظت کی کے بارے میں کوئی بھی سازش اور بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے،آج اگر ہم سب سکون کی نیند سوتے ہیں تویہ اُن شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے ورنہ دشمن نے توکئی بار چھپ کربھی حملے کرنے کی کوشش کی لیکن وطن عزیز پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج نے ہمیشہ دُشمنان پاکستان کومنہ توڑ جواب دیا۔کیا خوبصورت بات کی ترجمان پاک فوج نے کہ ہم آج بھی بات چیت کیلئے تیار ہیں لیکن نفرت کی سیاست اورصدق دل سے وطن عزیز سے مخلص ہوکر چلنے کا وعدہ کیاجائے ۔دیکھاجائے توسانحہ 9مئی جس نے پوری قوم کے دِل چھلنی کئے اسکے باوجود پاک فوج کی جانب سے تحمل اور بات چیت کا عندیہ بہت بڑی بات ہے ۔اگر جوڈیشل کمیشن بنایاجائے تو یقینا سیاسی بونے کہیں کے نہیں رہیں گے
۔اب بھی نفرت کی سیاست کو پروان چڑھانے والوں اور اپنی ذاتی تسکین کیلئے ملک کیخلاف ہرحد تک جانیوالوں کے پاس وقت ہے کہ وُہ سانحہ 9مئی پرپوری قوم خصوصاً شہداء کے لواحقین اور قومی اداروںسے معافی مانگیںورنہ توپوری قوم نے ان کی اس نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے ۔