راولپنڈی (نیوزڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے پتہ لگایا، آپریشن میں ایک خارجی احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے خرمنگ میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی جس پر سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا، اس کارروائی میں 5 خوارج ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے تیسری کارروائی بلوچستان کے ضلع نوشکی میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد جہنم واصل ہوگیا، ہلاک دہشتگرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے بارہا کہتا رہا ہے کہ وہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہے کہ افغان حکومت خوارج کو پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
0 88 1 minute read