
تہران:ایران کی پارلیمان اور اُس سے منسلک نیوز ایجنسی کی ویب سائٹس کو ہیکرز کا نشانہ بننے کے بعد عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ العربیہ نے کی رپورٹ ایرانی پارلیمان کی ویب سائٹس پرسائبر حملے کے نتیجے میں پارلیمان اور اس کی نیوز ایجنسی خانہ ملت کی ویب سائٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ایران کی مقننہ کی طرف سے اس سلسلے میں جاری بیان کے مطابق اس مسئلے کی سنگینی اور وسعت کے بارے میں تکنیکی ٹیم تفتیش کر رہی ہے۔اس سائبر حملے کا دعویٰ ایک ہیکنگ گروپ نے کیا تھا جسے اپرائزنگ ٹل اوورتھرو کہا جاتا ہے۔ یہ گروپ جلاوطن ایران مخالف گروپ پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن آف ایران (پی ایم اوآئی) سے وابستہ ہے، جسے ایرانی حکومت ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتی ہے۔ایک بیان میں اس گروپ نے کہا کہ اس نے ایران کی پارلیمنٹ سے وابستہ 600 سرورز کو ہیک کیا اور سینکڑوں صفحات کا ہیک کیا گیا مواد اپنے ٹیلیگرام پیج پر جاری کر دیا۔ یہ سائبر حملہ ایران میں یکم مارچ کو نئی پارلیمنٹ کے انتخاب کے لیے ہونے والے الیکشن سے تین ہفتے سے بھی کم وقت پہلے ہوا۔ایران کی حکومت سے منسلک ویب سائٹس اور میڈیا آؤٹ لیٹس کو گزشتہ برسوں میں کئی سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ دسمبر میں ہونے والے سائبر حملے نے ایران کے 60 فیصد پیٹرول سٹیشنوں کو ہدف بنایا تھا جس سے ایندھن کی سپلائی اور فروخت بُری طرح متاثر ہوئی تھی اور اسے ہفتوں تک رکاوٹ کا سامنا رہا تھا۔