تربیلا غازی(بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر ہری پور کی متاثرین تربیلا ڈیم کی بستی غازی ہملٹ میں کھلی کچہری، عوام نے سوئی گیس ، پیسکو، تربیلا واپڈا، پبلک ہیلتھ،بے روزگاری، منشیات اور مقامی انتظامیہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے، سوئی گیس اور پیسکو کے نمائندے کھلی کچہری میں پیش نہیں ہوئے، کھلی کچہری کا انعقاد چیئرمین وی سی گھاڑہ ہملٹ ریاست الرحمن نے کیا، ڈی سی ہری پور خان محمد نے متاثرین تربیلا ڈیم کے مسائل توجہ سے سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے،اس موقع پر اے سی غازی فضا محسن، ایس ڈی پی او طاہر قریشی اور چیف سیکیورٹی آفیسر میجر (ر) حسنین حیدر بخاری سمیت دیگر محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے، متاثرین تربیلا ڈیم نے کھلی کچہری میں ڈی سی ہری پور کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی کسی کھلی کچہری کا انعقاد ہوا اس کے بعد مسائل میں کمی کی بجائے ان میں اضافہ ہوا، تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبہ ٹی فائیو میں مقامی مزدوروں اور کاریگروں کو ترجیح دینے کی بجائے غیر مقامی افراد کو بھرتی کیا جارہا ہے،دو سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ہملٹ کی بستی اور موضع خالو تا ہملٹ روڈ کی حد بندی نہیں کی گئی، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہملٹ کی زیر تعمیر بلڈنگ عرصہ چار سال سے التوا کا شکار ہے، کلاس رومز کی کمی کے باعث طلبا کی تعداد 550 سے کم ہوکر 320 تک رہ گئی ہے، جبکہ بغیر دروازوں اور کھڑکیوں کے طلبا شدید سردی میں نامکمل کلاس رومز میں بیٹھنے پر مجبور ہیں،کھلی کچہری میں غازی میں مصنوعی مہنگائی اور اندرون و بیرون شہر ٹرانسپورٹ کے زائد کرایوں اور خاص طور
سے رکشوں کے فی کلو میٹر کرائے پر بھی بات کی گئی، ڈی سی ہری پور کو بتایا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنر غازی کی کمزور گرپ اور رٹ کے باعث ابھی تک روز مرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایہ نامہ شیڈول نہیں کیا گیا،کھلی کچہری میں آبی گذرگاہوں کی بندش اور ناجائز قابضین کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، ڈی سی ہری پور نے بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے جبکہ بعض مسائل پر سائلین سے تحریری طور پر درخواستیں وصول کیں،کھلی کچہری میں عوامی و سماجی اور سیاسی نمائندوں اور میڈیا پرسنز سمیت عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
0 29 2 minutes read