تازہ ترین

بیرسٹر گوہر کے گھر چھاپہ مارنے والے آئی سی ٹی پولیس کے 5 افسر معطل

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پر چھاپے کی ابتدائی انکوائری کے بعد ایس ایچ او مارگلہ سمیت اسلام آباد پولیس کے 5 افسران کو معطل کردیا گیا۔ اسلام آباد کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (آئی سی سی پی او) ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سٹی کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ کا حکم دیتے ہوئے 3 دن کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان نے مقامی پولیس کے مذکورہ چھاپے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں شکایت کی تھی جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے آئی سی سی پی او کو طلب کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے آئی سی سی پی او کو ہدایت کی کہ وہ واقعے سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی شکایت ذاتی طور پر سنیں۔ آئی سی سی پی او نے چیئرمین پی ٹی آئی کو یقین دلایا کہ اگر کوئی پولیس افسر قصور وار پایا گیا تواس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 13 جنوری کو دوپہر 2 بجے مقامی پولیس مخبر کی اطلاع پر ایک اشتہاری مجرم کی گرفتاری کے لیے ایف سیون ٹو پہنچی، جب پولیس پارٹی کو پتہ چلا کہ مذکورہ گھر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ ہے تو چھاپہ مار پولیس پارٹی فوری طور پر واپس آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی جارہی ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button