کھیل

سری لنکا نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی

کولمبو۔:سری لنکا نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی، ونیندو ہسارنگا کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت میزبان ٹیم 96 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سری لنکا نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 97 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا، ہسارنگا کو 19 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ اور جنیتھ لیانگے کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کو آر پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ون ڈے پر مشتمل سیریز کے تیسرے اورآخری میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 22.5 اوورز میں 96 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اوپنرز جوئے لینڈ گومبے 29 اور تکوڈزوانیشے کائیتانو 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور نءے آنے والے بیٹرز تیزی سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے، سکندر رضا 10، لیوک جونگوے 14 اور ویلنگٹن مساکڈزا 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ 6 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ بارش کے باعث میچ کافی دیر تک رکا رہا، بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو سری لنکا کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 27 اوورز میں 97 رنز کا ہدف ملا۔ سری لنکا نے 97 رنز کا آسان ہدف 16.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان کوسل مینڈس نے 51 بالوں پر 66 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ زمبابوے کی طرف سے رچرڈ انگاراوا اور ویلنگٹن مساکڈزا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس فتح کے بعد سری لنکا نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button