میلبورن ۔ میلبورن ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے 6 وکٹوں پر 187 رنز بنالیے، کینگروز کو دوسری اننگز میں 241 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی فاسٹ بولرز نے عمدہ کم بیک کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹاپ آرڈر کو محض 16 رنز پر ہی پویلین راہ دکھا دی، آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو شاہینوں کے تابڑ توڑ حملوں کے نتیجے میں اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین آفریدی نے عثمان خواجہ کو آؤٹ کردیا، کھانے کے وقفے سے پہلے لبوشین بھی پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد میر حمزہ نے 2 گیندوں پر 2 شکار کرتے ہوئے خطرناک بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کو کلین بولڈ کردیا۔بعد ازاں سلپ فیلڈر عبداللہ شفیق نے مچل مارش کا 20 کے انفرادی اسکور پر عامر جمال کی گیند پر کیچ چھوڑ دیا، جس کے بعد انہوں نے کھل کر بیٹنگ کی، میلبورن ٹیسٹ میں یہ پہلا موقع نہیں جب عبداللہ شفیق نے کیچ ڈراپ کیا ہو، اس سے قبل وہ پہلی اننگز میں ڈیوڈ وارنر کا کیچ گراچکے ہیں جس کے بعد انہوں نے پاکستانی بالرز کی خوب درگت بنائی تھی، اسی طرح مچل مارش نے بھی ڈراپ چانس کا بھرپور فائدہ اٹھایا تاہم وہ 96 رنز پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے انہیں میر حمزہ نے میدان بدر کیا تو اس وقت آسٹریلیا کا دوسری اننگز میں سکور 169 رنز تھا، کینگروز کے چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹر سٹیو سمتھ تھے 50 کے انفرادی سکور پر ان کی وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی، جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 6 وکٹوں پر 187 رنز بنائے تاہم کینگروز کو دوسری اننگز میں 241 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے 3,3 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں تیسرے روز کھیل کے آغاز پر پاکستانی بلے بازوں محمد رضوان اور عامر جمال نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے پاکستانی اننگز کی دوبارہ شروعات کی، محمد رضوان 51 گیندوں پر 42 رنز بناکر کمنز کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ اسکور میں صرف 2،2 رنز کا اضافہ کر سکے، عامر جمال 80 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستان کی پوری ٹیم 264 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 318 رنز بنائے تھے۔
0 33 2 minutes read