نیو یارک: ہیومن رائٹس واچ کی نئی رپورٹ میں ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پر الزام عائد کیاگیا ہے کہ کمپنی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فلسطین کے حق میں کی جانے والی پوسٹس ایک نظام کے تحت سینسر کی جارہی ہیں۔
51 صفحات پر مبنی اس رپورٹ میں میٹا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ کمپنی نے فلسطین کے حق میں پر امن پوسٹ سمیت ہزاروں پوسٹ کو ہٹایا ہے۔
7 اکتوبر 2023 کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر کیے جانے والے حملے کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے جارحیت جاری ہے جس میں 20 ہزار سے زائد فلسطینی بشمول بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر عائد کی جانے والی غیر قانونی پابندیوں کے بعد سے 20 لاکھ افراد پر مشتمل اس جنگ زدہ علاقے، جس کی تقریبا نصف آبادی بچوں پر مشتمل ہے، کو شدید انسانی بحران کا سامنا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے ایک بیان میں کہا کہ میٹا کی جانب سے فلسطین کے حق میں کی جانے والی پوسٹس کی سینسر شپ پہلے سے ظلم و جبر کا شکار فلسطینیوں کی تکلیف میں اضافہ کر رہی ہے۔
انسانی حقوق کے ادارے کے مطابق ادارے نے 60 سے زائد ممالک میں آن لائن سینسر شپ کے 1050 کیسز کا جائزہ لیا۔
0 126 1 minute read