سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ پیش کئے گئے جنہیں اصل نوٹوں سے ہوبہو مشابہت کی وجہ سے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک بھی پہچاننے سے قاصر نظر آئے۔ پی پی پی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ پیش کئے اور ساتھ ہی اجلاس میں موجود ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سے سوال کیا کہ آپ بتا سکتے ہیںکہ یہ اصل ہیں یا نقل۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ5 ہزار کا جعلی نوٹ اگر مجھے مل سکتا ہے تو عام آدمی کا کیا بنے گا’ جعلی کرنسی کا استعمال بڑھ رہا ہے’ بینکوں کے ذر یعے جعلی نوٹ پھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی نوٹ بینکوں کے سسٹم میں موجود ہیں۔ میرے پاس ایک ہزار روپے کے بیسیوں جعلی نوٹ ہیں۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے ارکان کو آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ دینے کی یقین دہانی کرا دی۔
0 194 1 minute read