
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قائم ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس میں سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز جسٹس اعظم خان، جسٹس انعام امین منہاس اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزز، ہائیکورٹ بارکے صدر واجد گیلانی شریک ہوئے جب کہ ڈی آئی جی سکیورٹی اور اے آئی جی اسپیشل برانچ نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کمپلیکس کےداخلی دروازے پر واک تھرو گیٹ کے ساتھ اسکینرز بھی نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اب سائلین کےسامان کو اسکینرز سے سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ساتھ لےجانے کی اجازت دی جائے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں انٹری گیٹ کے ساتھ زگ زیگ گرل بھی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کرنے کی تجویز ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلیے وکلا کو ٹریننگ اور فرضی مشق کروائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کمپلیکس کی سکیورٹی پرتعینات اہلکاروں کے موبائل فون کے غیرضروری استعمال پر پابندی ہوگی جب کہ اجلاس میں ایک ایمبولینس کمپلیکس کے باہر مستقل کھڑی رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔




