
لاہور ہائیکورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کیس کی سماعت کی جس دوران متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نےکہا کہ سڑک پر آئیں تو دھواں چھوڑنے والی درجنوں گاڑیاں نظر آتی ہیں، پنجاب میں آلودگی روکنے کے لیے سخت انتظامات کریں۔وکیل درخواست گزار نے غالب مارکیٹ پارک میں درخت کاٹے جانے اور ٹینس کورٹ بنائےجانے سے عدالت کو آگاہ کیا اس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ درخت کیوں اور کیسے کاٹےجاسکتے ہیں؟ پارکس میں پیڈل ٹینس کورٹس بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔بعد ازاں عدالت نے غالب مارکیٹ پارک میں تعمیرات روکنے کا حکم دیا اور ڈی جی پی ایچ اے کو عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔




