
راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےکہا ہےکہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں باہر سے چلتا ہوگا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہماری درخواست ہے دیگر مقدمات کی طرح عمران خان کے کیسز بھی چلائے جائیں، ان کیسز میں بھی وکلا، میڈیا اور عوام کی رسائی ہو، اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات ہیں یہ اوپن ٹرائل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری سے ٹرائل چلانا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے، عمران خان کے ٹرائل جس طرح ہوئے اس سے آزاد عدلیہ کے اوپر سوالات ہیں، عدلیہ کے اوپر عوام کا اعتماد کم ہوتا جارہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ 8 ماہ سے 190 ملین پاؤنڈکیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت تاخیر کا شکار ہے، ہم ہر تاریخ اور ہر سماعت پر اوپن ٹرائل سے متعلق سوالات اٹھاتے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان کی بہنوں کا کسی ایجنسی کے ساتھ رابطہ تو کیا کسی تعلق کا شبہ بھی نہیں ہوسکتا، بات سمجھنے میں یا کہنے میں غلط فہمی ہوسکتی ہے، بدقسمتی ہے کہ اندر کی خبریں باہر آتی ہیں پھر اس طرح کے الزامات لگتے ہیں، عمران خان نے واضح کیا ہے اندر کی باتوں پر اس طرح کی باتوں سے گریز کیا جائے اور جو کچھ ہوا اس پر مزید بات نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا واضح مؤقف ہے کہ دہشتگردی ختم ہونی چاہیے، کے پی میں اگر کوئی کوآرڈینیٹڈ آپریشن ہورہا ہے اس میں دونوں طرف نقصان نہیں ہونا چاہیے، علی امین گنڈا پور اس وقت تک وزیر اعلیٰ رہیں گے جب تک انکو بانی کا اعتماد حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے نہیں باہر سے چلتا ہوگا اور ایکس اکاونٹ بند کرنے سے متعلق پالیسی کا مجھے نہیں علم ہے۔




