
13 سالہ افغان لڑکا طیارے کے پہیوں میں چھپ کر بھارت پہنچ گیا۔رپورٹس کے مطابق افغانستان کے شہر قندوز سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا افغانستان کی نجی ائیر لائن کی پرواز RQ-4401 کے پہیوں میں چھپ کر اتوار کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی ائیرپورٹ پر پہنچا۔13 سالہ لڑکا جہاز کے لینڈ ہونے کے بعد نئی دہلی ائیرپورٹ پر رن وے پر اکیلا گھومتا ہوا ملا۔ جس کے بعد بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے اسے حراست میں لیا اور کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کے بعد اسی پرواز کے ذریعے واپس کابل بھیج دیا۔ابتدائی تفتیش میں لڑکے نے حکام کو بتایا کہ اس نے محض تجسس کے باعث یہ سفر کیا۔بھارتی سکیورٹی فورس کے ترجمان کے مطابق لڑکا بغیر کسی رکاوٹ کے کابل ائیرپورٹ میں داخل ہوا ، مسافروں کے پیچھے پیچھے چھپ کر جہاز تک پہنچا اور طیارے کے پچھلے لینڈنگ گیئر کے کمپارٹمنٹ میں چھپ گیا۔ سکیورٹی معائنے کے دوران عملے کو ایک چھوٹا سرخ رنگ کا آڈیو اسپیکر بھی ملا جو لڑکے کے پاس تھا۔