
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قائم مقام ڈی ایس پی بلوچستان کانسٹیبلری کے قافلے پر حملے میں ایک انسپکٹر اور ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے۔قلات سے بلوچستان کانسٹیبلری کا کانوائے واپس آ رہا تھا کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں چھوتو کے مقام پر آخری گاڑی پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک انسپکٹر سمیت 2 اہلکار شہید اور دو اہلکار زخمی ہو گئے، زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ایک زخمی اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ترجمان حکومت بلوچستان نے اس حوالے سے بتایا کہ مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی کی گاڑی نشانہ بنی، سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھی بلوچستان کے علاقے قلات میں کراچی سے کوئٹہ جانے والی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔