
لاہور : واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کھلاڑی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے رویے سے سخت ناخوش ہیں اور پی ایچ ایف کے رویے پر گفتگو کرنے لگے ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ کپتان اور کھلاڑی مستقبل سے پریشان ہو کر اپنا لائحہ عمل تیار کرنے لگے ہیں۔کھلاڑیوں نے آپس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن نے ہمیشہ غلط بیانی کی اور دھوکے میں رکھا، اب ہمیں جواب دینا بھی چھوڑ دیا گیا ہے جو کہ غلط ہے ۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسا بندہ تلاش کرنا ہے جو ہمیں جواب دے اور ہماری بات سنے، ہمیں ہمیشہ ڈیلیز کی یقین دہانی کرائی گئی ہے لیکن اس پر کوئی عمل در آمد نہیں ہوا۔دوسری جانب قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کھلاڑیوں کے معاملے کو سنجیدگی سے حل کرانے کے لیے سامنے آنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں جو سب کے سامنے لاؤں گا۔