
کراچی: محکمہ موسمیات نے 26 جون سے سندھ میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں اور آئندہ چند روز میں مون سون ہواؤں میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس سلسلے کے تحت 26 جون کو تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، دادو میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جب کہ 27 جون کو سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، گھوٹکی میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے اس کے علاوہ 2 روز میں درجہ حرارت میں اضافہ بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر قائد میں بدھ کو درجہ حرارت37 اور جمعرات کو 38 ڈگری تک جاسکتا ہے جب کہ کراچی میں جمعہ سے اتوار کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔