
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کا بہت وقت ضائع ہوچکا، مزید وقت ضائع کرنا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔لندن سے جاری بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ابھی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنیکے لیے محنت کرنیکا وقت ہے، جلسے 2028 میں کریں گے ، جلسوں کے لیے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کے بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گالی، گولی، انتشار اور فساد سے نہ معیشت بہتر ہوگی اور نہ معاشرت ، انتشاری سیاست مسترد کرکے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے، برآمدات میں اضافہ، روپے کا مستحکم ہونا، ترسیلات میں اضافہ اور شرح سود کا کم ہونا ، یہ سب معاشی ترقی کے واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشی چیلنج اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قوم، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔