
پاکستان تحریک انصاف نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھ دیا۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پی ٹی آئی نے خط میں درخواست کی ہے کہ آئندہ بیل آؤٹ پیکج کے وقت پاکستان کے سیاسی استحکام پر غور کیا جائے۔
خبر رساں ایجنسی نے پاکستان تحریک انصاف کے دو اعلی ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کو خط بھیجا ہے اور خط میں پی ٹی آئی کے بانی نے اپنا موقف واضح کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے خط کے حوالے سے بھیجی گئی ای میل کا جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ دنوں آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے کی تصدیق کی تھی اور اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے، خط آج چلاگیا ہو گا .انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ملک کو قرضہ ملے گا تو قرضہ کون واپس کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہیں ہوگی قرضہ بڑھتا رہے گا۔مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے اس معاملے کی شدید مذمت کی گئی۔
اُدھر آئی ایم ایف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تاحال کوئی خط موصول نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔