کراچی: محکمہ موسمیات نے 9 جنوری سے شہر قائد میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کر دیا’ درجہ حرارت گرنے کے سبب سردی کی شدید بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا کم سے کم پارہ14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا’ صبح کے وقت شہر کی فضاؤں پر دھند چھانے کے سبب حد نگاہ کم ہو کر ڈھائی کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔
دن بھر یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں جن کی وجہ سے موسم خنک رہا تاہم کچھ وقت کے لئے مطلع صاف بھی رہا’ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں2.4 ڈگری کمی سے 24.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق مغرب کی جانب سے بلوچستان میں داخل ہونے والے نئے سسٹم کے تحت شہر میں9جنوری سے سردی کی نئی لہر متوقع ہے جس کے دو ران درجہ حرارت میں کمی کے سبب سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سسٹم آج سے بلوچستان کے کچھ حصوں کو متاثر کرسکتا ہے جس کے نتیجے میں چاغی’ کوئٹہ’ چمن’ زیارت میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
0 48 1 minute read