
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے فیصلے کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی کی قیادت نے 3 مارچ 2024 کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے جس پر پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے اعلان کیا کہ وہ اس فیصلے کو بہت جلد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کریں گے۔ اس حوالے سے قانونی مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 22 دسمبر 2023 کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کی تمام موجودہ قیادت کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے بیرسٹر گوہر خان کو پی ٹی آئی کا خود نامزد چیئرمین قرار دے دیا۔ . لہذا انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے اس خود ساختہ اور خود نامزد کالعدم پی ٹی آئی قیادت کے کسی بھی نئے منصوبے کو مکمل قانونی اور سیاسی چیلنج کا مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک پی ٹی آئی کی قانونی حیثیت بحال نہیں ہوتی، پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کے دفتر اور بینک اکانٹس سمیت پی ٹی آئی کے وسائل کے غیر قانونی استعمال پر پابندی لگائی جائے۔