اسلام آباد: جییوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سی پیک کے حوالے سے سیاسی جماعتوں پر مشتمل تیسرے پاک چائنا مشترکہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چین کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاک چین دوستی ہمارے باہمی سیاسی اختلافات سے بالاتر ہے اور اس حوالے سے قومی سطح پر بھی اتفاق پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک باہمی تعلقات اور اعتماد کا اقتصادی طور پر عملی نمونہ ہے۔ کشمیر کے معاملے پر چین نے پاکستان کی غیر مشروط حمایت کی ، جس پر ہم چین کے شکر گزار ہیں۔ اسی طرح تائیوان کے مسئلے پر بھی پاکستان نے چین کی غیر مشروط حمایت کی تھی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستان اس خطے میں بقائے باہمی، امن اور تنازعات کے منصفانہ حل پر یقین رکھتا ہے۔ جے یو آئی اور سی بی سی پارٹی میں باہمی دوستی پائی جاتی ہے جو دونوں ملکوں کے عوام کے لیے بہتری کی کاوش ہے۔ اب تک جو پیش رفت ہوئی ہے، اس کا کریڈٹ CBC اور پاکستان کی پارلیمنٹ کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1995 میں CBC نے قومی اسمبلی کی خارجہ کمیٹی کو دعوت دی تھی، جس میں دو طرفہ تجارت پر بات ہوئی تھی۔
0 35 1 minute read