پاکستانتازہ ترین

پاکستانی طلبا پر حملے، وزیر اعظم کی وفاقی وزیر امیر مقام کو فوری کرغزستان جانیکی ہدایت

پاکستانی طلبا پر حملوں کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر امیر مقام کو فوری کرغزستان جانے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے وفاقی وزیر امیر مقام کو فوری کرغزستان جانے کی ہدایت کی ہے، امیر مقام آج ہی بشکیک کے لیے روانہ ہوں گے، امیر مقام بشکیک میں اعلی سرکاری حکام سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق انجینئر امیر مقام پاکستانی طلبا سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل سنیں گے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں غیر ملکی طلبا مخالف فسادات پر گہری تشویش ہے، مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانہ زخمی طلبا کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات میں معاونت یقینی بنائے اور جو طلبا پاکستان آنا چاہیں سرکاری خرچ پر ان کی فوری واپسی یقینی بنائیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ طلبا اور والدین کے درمیان رابطے کے لیے سفارتخانہ ہر قسم کی معاونت فراہم کرے۔خیال رہے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں بلوائیوں کی جانب سے پاکستانی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے طالب علموں پر پرتشدد حملوں میں 28 افراد زخمی ہوئے تھے۔
کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں بشکیک میں دیگر ممالک کے طالب علموں پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ کرغز حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حملوں میں کسی پاکستانی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button