سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ڈیل کی تو وہ شہباز شریف بن جائیں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا شہباز شریف کو اب خطرہ اپنےگھر سے نہیں باہر والوں سے اور ان سے ہے جو ان کو لےکر آئے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا پاکستان میں جو حالات چل رہے ہیں اتنے بحرانوں میں ہمیں سنبھلنے کی ضرورت ہے، آئین موجود ہے، کسی نئےچارٹر کی ضرورت نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا ہمارے ملک کے ججز ایک تاریخ رقم کر رہے ہیں، پاکستان میں ایک سوشل چینج آچکا ہے وہ ہم سب نے دیکھا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ڈیل سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا یہاں کوئی کسی سے کوئی ڈیل نہیں کر سکتا، بانی پی ٹی آئی بھی ڈیل نہیں کریں گے، اگر بانی پی ٹی آئی نے ڈیل کی تو وہ شہباز شریف بن جائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا رابطے ہر جماعت سے ہونے چاہئیں اور ہم سب کو ایک دوسرے کی بات سننی چاہیے۔