جنوبی چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ میں شدید بارشوں کے باعث ہائی وے کے ایک حصے کے منہدم ہونے سے کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک گنجان آباد صنعتی پاور ہاس گوانگ ڈونگ حالیہ ہفتوں میں طوفانی بارشوں کی زد میں ہے جس سے کچھ علاقوں میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے بتایا کہ بدھ کی صبح تقریبا 2 بجکر 10 منٹ پر گوانگ ڈونگ صوبے میں میزو شہر اور ڈابو کانٹی کے درمیان سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا۔
ژنہوا کے مطابق اس واقعے کی وجہ سے 20 گاڑیاں پھنس گئیں جن میں کل 54 افراد سوار تھے۔ژنہوا نے کہا کہ سہ پہر 3 بجے تک 24لوگوں کی موت کی تصدیق ہو چکی تھی جبکہ 30افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
متاثرین کے زخموں کی وضاحت کیے بغیر سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ بحالی کا کام جاری ہے اور ہسپتال میں زیر علاج افراد کی زندگیاں فی الحال خطرے سے باہر ہیں۔ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی طرف سے شائع ہونے والی ایک فضائی تصویر میں تباہ شدہ گاڑیاں ایک گہرے کیچڑ کے گڑھے میں پڑی دکھائی دیتی ہیں جہاں کبھی ہائی وے تھا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بظاہر طلوع سورج سے پہلے فلمائی گئی ویڈیوز میں گڑھے سے شعلے اور دھواں نکلتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
سی سی ٹی وی نے کہا کہ ہائی وے کا منہدم ہونا ایک قدرتی آفت ہے، انہوں نے رپورٹ کیا کہ سڑک کا تقریبا 18 میٹر کا حصہ گر گیا ہے۔سی سی ٹی وی کے مطابق حکام نے ریسکیو آپریشن میں مدد کے لیے تقریبا 500 افراد کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا ہے۔
براڈکاسٹر کے مطابق ان میں عوامی تحفظ، ہنگامی ردعمل، فائر فائٹنگ اور کان کنی سے بچا کو سنبھالنے والے محکموں کے افراد شامل ہیں۔مقامی حکام نے ایک نوٹس میں کہا کہ ایس 12 ہائی وے کا کچھ حصہ دونوں سمتوں سے بند کر دیا گیا ہے اور ڈرائیوروں کو دوسرا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
0 42 1 minute read