پاکستان

فارم 47 کی پیداوار حکومت کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت نہیں: علی امین

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار حکومت کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت نہیں۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے نتائج پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ تحصیل چیئرمین شپ کے لئے ضمنی انتخابات میں جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے تحصیل چیئرمین کی چھ میں سے پانچ نشستیں جیت لی ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ صوبے کے عوام کا پاکستان تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرنے پر ان حلقوں کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی شاندار کامیابی پر پارٹی قیادت اور کارکنوں کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا کہ پختونخوا پہلے بھی بانی پی ٹی آئی کا تھا اور آج بھی ان کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2024ء کے عام انتخابات میں قوم نے لٹیروں کو مسترد کر دیا ہے، ان انتخابات میں قوم نے ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کا چوری شدہ مینڈیٹ اسے واپس کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد ملک میں جو کچھ ہوا ہے وہ قوم کے مینڈیٹ کی توہین ہے، ملک کو آگے بڑھانے اور اسے مشکلات سے نکالنے کے لئے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ اسے واپس کیا جائے، بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف 24 کروڑ عوام کی امیدوں کا مرکز ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے وہ ملک کو مزید تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تو ڈالا جاسکتا ہے لیکن عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک و قوم کے بہتر مفاد میں عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، پاکستان تحریک انصاف اپنے حق کے حصول کے لئے تمام سیاسی، آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button