پاکستانتازہ ترین

ادارے آئین میں چلیں گے تو پاکستان بہترین ملک بنے گا: رہنما اپوزیشن گرینڈ الائنس

اسلام آباد :اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ اتحاد کسی ادارے کیخلاف یا بدنام کرنے کیلئے نہیں بنایا۔اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، محمود خان اچکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بحرانوں سے دوچار ہے جو اجتماعی دانش سے نکل سکتا ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا افواج سے کوئی اختلاف نہیں اور نہ ہی الائنس کسی ادارے کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے بنایا گیا، کوئی بھی ملک ایجنسیز کے بغیر نہیں چل سکتا۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ ادارے آئین کے دائرے میں چلیں گے تو پاکستان بہترین ملک بنے گا، جس طرح دیگر ملکوں کی افواج آئین کے دائرے میں رہتی ہیں ہماری فوج بھی آئین کے دائرے میں رہے، اتحاد کے بائی لاز کی تیاری کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس سے پوچھو وہ یہی کہے گا پی ٹی آئی 8 فروری کا الیکشن جیت چکی ہے، کراچی اور اسلام آباد کی تمام سیٹیں پی ٹی آئی نے جیتیں۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ حساس اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہئے، ہمیں ریٹرننگ افسر کے دفتر میں جانے ہی نہیں دیا گیا، بشری بی بی کو زہر دیئے جانے کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوئی ہے۔عمرایوب نے مزید کہا کہ وہ کہتی رہیں کہ انہیں پرائیویٹ ہسپتال لے کر جائیں، ہمارا خدشہ درست ثابت ہوا، بشری بی بی کو رہائی ملنی چاہئے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن گرینڈ الائنس کے مختصر اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں یہ الائنس کسی ادارے کے خلاف نفرت پھیلانے کیلئے نہیں بنایا بلکہ پاکستان کو بچانے کے لیے بنایا گیا ہے، ملک اس وقت خطرناک ترین دور سے گزر رہا ہے اور اسے بحرانوں سے اجتماعی سوچ کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جب تک آئین کے دائرے میں نہیں چلے گا، پارلیمنٹ پالیسیوں کا منبع نہیں ہوں گی تب تک مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا افواج یا ایجنسی سے کوئی اختلاف نہیں ہے بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی ملک بھی ایجنسیوں کے بغیر نہیں چل سکتا تاہم ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ فوج آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس میں ہر جماعت کا ایک نمائندہ موجود ہے جبکہ پی ٹی آئی کے نمائندے کو کوآرڈینیٹر بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گرینڈ الائنس کا پانچ مئی کو کراچی میں جلسہ ہوگا پھر دس مئی کو فیصل آباد میں پنڈال سجائیں گے۔ تمام جگہوں پر جلسوں کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تعاون ہونا چاہیے، لیکن میں کہتا ہوں آئیے دو دو نمائندے منتخب کریں اور بیٹھ کر بات کریں، تحریک انصاف سے میں نے بات نہیں کی لیکن میں انہیں آمادہ کر لوں گا کیونکہ ملک کے تمام فیصلے اور پالیسیاں پارلیمنٹ میں بننی چاہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button