غزہ :اسرائیلی طیاروں کی نصیرات کیمپ پر سحر و افطار کے اوقات میں بمباری سے93 فلسطینی شہید، 212 زخمی ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رمضان میں بھی فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری نہ رک سکی، 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 93 فلسطینی شہید، 212 زخمی ہو گئے۔
اس فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 36 افراد بھی شامل ہیں، اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 31 ہزار 553 ہوگئی جبکہ 73 ہزار 546 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے رفاہ میں آپریشن کی بھی منظوری دے دی جبکہ عالمی ادارہ صحت نے انسانیت کے ناطے اسرائیل سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل رفاہ پر حملہ کرنے سے گریز کرے۔علاوہ ازیں اسرائیل اور حماس کے درمیان ممکنہ جنگ بندی مذاکرات کے دوران قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ممکن ہے۔
معاہدہ تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا، پہلے مرحلے میں 350 فلسطینی قیدیوں کے بدلے 35 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی ہوگی، غزہ سے انخلا اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔قبل ازیں فلسطینی صدر محمود عباس اور امیر قطر شیخ تمیم بن حماد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواہے ، دونوں رہنماں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا اسرائیل غزہ ،مغربی کنارے اور مشرقی یروشیلم سے قبضہ ختم کرے۔
0 42 1 minute read