پاکستان

سعودی عرب میں بنگلہ دیشی کو قتل کرنے والے 5 پاکستانیوں کو پھانسی دے دی گئی

ریاض: سعودی عرب میں کمپنی گارڈ کو قتل کرنے پر 5 مجرموں کو سزائے موت دیدی گئی۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ مجرم ڈکیتی کی نیت سے ایک کمپنی میں داخل ہوئے اور دو گارڈز کو رسی سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جن میں سے ایک ہلاک ہوگیاتھا۔ مقتول گارڈ کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا۔
سعودی پولیس نے اس ہولناک قتل کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کیا تھا، جنہیں مجاز عدالت نے مکمل اور شفاف تحقیقات کے بعد سزائے موت سنائی تھی۔اس سزا کو بعد میں اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے برقرار رکھا۔
سزائے موت پر عمل درآمد کی منظوری شاہی فرمان کے ذریعے دی گئی جس کے تحت مکہ مکرمہ میں مجرموں کو پھانسی دی جاتی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں سوڈانی شہری کے قتل کے جرم میں ایتھوپیا کے چار شہریوں کو بھی سزائے موت سنائی گئی تھی۔ اسی طرح دسمبر 2023 میں ایک ہندوستانی شہری کو قتل کرنے کے جرم میں 2 بنگلہ دیشیوں کو سزائے موت سنائی گئی۔سعودی عرب میں قتل، منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کی سزا موت ہے جس کے لیے عموما مجرموں کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ چین اور ایران کے بعد سعودی عرب میں سب سے زیادہ سزائے موت دی جاتی ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں متعدد بار سعودی عرب کے عدالتی نظام پر مبینہ طور پر غیر منصفانہ ٹرائلز اور سزائے موت پر تنقید کرتی رہی ہیں، جس پر سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات قانون کے مطابق شفاف اور منصفانہ ٹرائل سے نمٹائے جاتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button