
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 18ویں ’’پاک۔ ترکیہ اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ (ایچ ایل ایم ڈی جی) اجلاس میں تربیتی مشقوں، دوروں کے تبادلے اور دفاعی سازوسامان کی مشترکہ پیداوار سے متعلق دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت دفاع حکام کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان 18ویں ’’پاک۔ ترکیہ اعلیٰ سطحی ملٹری ڈائیلاگ گروپ (ایچ ایل ایم ڈی جی) کا چار روزہ اجلاس 13 سے 16فروری 2024تک وزارت دفاع راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ گروپ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمود الزماں خان جبکہ ترکیہ کے وفد کی سربراہی ترکیہ کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف عرفان زوسرٹ کررہے تھے۔
گروپ اجلاس کے باضابطہ سیشن کے انعقاد سے قبل ترکیہ چیف آف جنرل سٹاف نے سیکرٹری دفاع ،لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) حمودالزمان خان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے نئی بلندیوں تک لے جانے کا عہد کیا۔ سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی، اور جغرافیائی و سیاسی امور بھی زیر بحث آئے۔ مزید برآں، وفود نے گزشتہ سال ترکی اجلاس کے انعقاد کے بعد سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
تربیتی مشقوں، دوروں کے تبادلے اور دفاعی سازوسامان کی مشترکہ پیداوار سے متعلق دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وفد کے رہنماؤں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان۔ترکیہ گروپ کا 19 واں دور 2025 میں باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر ترکی میں منعقد ہوگا۔