اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے حلقہ این اے 46 اسلام آباد-I کے پولنگ سٹیشن اسلام آباد ماڈل سکول ڈورہ میں پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات جمعرات کی صبح 8 بجے سے پہلے پولنگ سٹیشن پہنچے اور پہلے ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ووٹ ڈالنا قومی فریضہ ہے جو ہر ذمہ دار شہری کو ادا کرنا ہے، آزادانہ اور شفاف انتخابات سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے اور اپنی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے ووٹ ضرور دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک بھر میں ووٹنگ کا عمل پرامن اور منظم طریقے سے مکمل ہو گا۔ واضح رہے کہ حلقہ این اے 46 اسلام آباد I میں کل 44 امیدوار مدمقابل ہیں، اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 50 ہزار 581 ہے، خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 66 ہزار 656 ہے جب کہ مردوں کی تعداد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 83 ہزار 925 ہے۔ حلقہ این اے 46 اسلام آباد I 932 میں کل 342 پولنگ اسٹیشنز اور 1033 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
0 32 1 minute read