
پشاور( سٹاف رپورٹر)گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے عہدہ سنبھالنے کے دودن بعدفوری طورپر پشاور کار دورہ کرنے اور خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میںحالیہ طوفانی بارشوں، برفباری، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونیوالی اموات پر لواحقین اورمتاثرین کی بروقت مالی امداد پروزیراعظم محمدشہبازشریف کا شکریہ ادا کیا ہے اور انہیں بحیثیت گورنر اور صوبہ کے عوام جانب سے خراج تحسین پیش کیاہے۔ وزیرعظم نے ایسے افراد جن کے لخت جگر اور خاندانوں کے سربراہان حالیہ بارشوں کی وجہ سے اس دنیا سے چلے گئے ، ان کا درد اور دکھ بانٹنے کیلئے ذمہ داریاں سنبھالنے کے دوسرے ہی دن متاثرین سے ملنے اوران کے غم میں شریک ہونے کی ایک قابل تقلیدمثال قائم کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس پشاورمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وزیراعظم اوردیگرمہانوں کاخیرمقدم کیا۔ تقریب میں اراکین پارلیمنٹ اسحاق ڈار،خواجہ آصف، عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام،مرتضی جاویدعباسی سمیت دیگر قومی وصوبائی اسمبلی کے اراکین،میئرپشاور حاجی زبیرعلی،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفیٹننٹ جنرل انعام حیدر ملک ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اوردیگرمتعلقہ صوبائی حکام نے بھی شرکت کی۔ گورنرنے کہاکہ خیبر پختونخوا صوبہ کئی عشروں سے دہشتگردی اور قدرتی آفات کے باعث بھاری جانی و مالی نقصان سے گزر رہا ہے لیکن یہاں کے عوام نے ہر قسم کی آزمائش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔دہشتگردی اور قدرتی آفات کے باعث یہ وہ گہرے زخم ہیں جن پروزیراعظم محمد شہبازشریف نے اپنی شفقت اور پیار سے مرہم لگا کر نہ صرف خیبرپختونخوا کے حالیہ طوفانی بارشوں سے متاثرین بلکہ پوری عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ پہلا موقع ہے کہ ایک حکومت نے بنتے ہی لواحقین کے ورثاء میں 20 لاکھ، زخمیوں کیلئے 5 لاکھ اور تباہ شدہ مکانات کی تعمیرکیلئے 7 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے ہیں جس پربلاشبہ پورے صوبے کے عوام کو فخرہے