دنیا

برطا نیہ کا غزہ میں جنگ بند کرنے کا منصوبہ

لندن:برطا نیہ نے غزہ میں جنگ بندی کا منصوبہ تجویز کیاہے۔برطانوی اخبار’’فنانشل ٹائمز‘‘ نے ایک سینئر برطانوی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانوی حکومت نے اس جنگ کو روکنے کے لیے پانچ نکاتی منصوبہ تجویز کیا ہے۔برطانوی اہلکار نے وضاحت کی کہ اس تجویز میں فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ایک واضح سیاسی افق کا تعین کیا گیا ہے اور اس میں اسرائیل پر حملہ کرنے والے گروہ کے سینئر ر ہنمائوں کو غزہ سے بے دخل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔اہلکار نے وضاحت کی کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اس تجویز پر اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا ہے۔برطانوی وزیر خارجہ نے اس جنگ کے خاتمے کے منصوبے کی تجا ویز میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔یہ منصوبہ ایک ایسے وقت میں پیش کیا گیا ہے جب مغربی ممالک غزہ میں مستقل جنگ بندی اور سیاسی عمل کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دے رہے ہیں ۔ منصوبے میں غزہ میں قید یرغمالیوں کی رہائی اور مستقل جنگ بندی کے لئے بات چیت کو یقینی بنانے اور جنگ کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے اسرائیل کے شانہ بشانہ ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ایک واضح ’’سیاسی افق ‘‘ قائم کرنے اور جنگ کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے انتظام کے لیے ایک ٹیکنوکریٹ فلسطینی حکومت کی تشکیل کی تجویز پیش کی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اوراسرائیل کے خلاف حملے روکنے کے عہد کو اس کے لئے لازمی قرار دیا۔ برطانوی وزیر نے کہا کہ برطانیہ چاہتا کہ پہلے عارضی جنگ بندی کو مستحکم کیا جائے اور اسے مستقل جنگ بندی میں تبدیل کرنے کے لیے عالمی برادری اور عرب ممالک کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔ واضح رہے کہ اسرائیل پر غزہ میں جاری جنگ کو بند کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ بڑھ رہا ہے، اس جنگ میں اب تک 26,000 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کی ’’نسل کشی‘‘ کو روکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button