پاکستان

مریم نواز کی دھاتی ڈور سے بچاؤ کیلئے بائیک پر سیفٹی گارڈ لگانے کی مہم شروع کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پتنگ کی دھاتی ڈور سے بچاؤ کے لیے بائیک پر سیفٹی گارڈ لگانے کی باقاعدہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گندم خریداری اور دیگر امور پر پالیسی سازی کے لیے وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔ صوبائی وزیر خوراک کمیٹی کے سربراہ جبکہ خزانہ، زراعت اور اطلاعات کے وزرا کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ اجناس کی ضروریات کا تعین کر کے کاشت کا فیصلہ کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے اے آئی اور دیگر ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے پتنگ کی دھاتی ڈور سے بچاؤ کے لیے بائیک پر سیفٹی گارڈ لگانے کی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ مسیحی ورکرز کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ غریب کی جان جائے تو محض خبر بنتی ہے۔ سینیٹری ورکرز کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔

اجلاس میں مسیحی ملازمین کے لیے ایسٹر پر چھٹی کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ نقل روکنے کے لیے امتحانی مراکز میں کیمرے اور آرٹیفشل ٹیکنالوجی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وزرا اور ارکان اسمبلی کو قانون کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں اے ایس پی شہربانو نقوی اور ایس ڈی پی او گلبرگ لاہور کو قائداعظم پولیس میڈل دینے کی سفارش وفاق کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ موٹر ٹرانسپورٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کےملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے گندم اورمحکمہ خوراک کی کموڈٹی فنانسنگ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button