ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز 8303 کے حادثے کے تقریباً چار سال بعد اپنی حتمی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی آئی اے کا ایک ایئربس 320 طیارہ 22 مئی 2020 کو کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی ماڈل کالونی میں لینڈنگ کی دوسری کوشش کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، ایوی ایشن ڈویژن نے حادثے کی رپورٹ اپنی ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثہ واضح طور پر انسانی غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔ لینڈنگ سے پہلے چار بار ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو لینڈنگ سے روکتے ہوئے پائلٹ کو بتایا کہ طیارہ بہت اونچا ہے۔ پانچویں بار ایئر ٹریفک کنٹرولر نے لینڈنگ کی اجازت دی۔
رپورٹ کے مطابق لینڈنگ کی پہلی کوشش کے دوران طیارے کا انجن رن وے سے ٹکرا گیا اور آگ کے شعلے بھڑک اٹھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رن وے سے ٹکرانے کے باعث طیارے کے دونوں انجن متاثر ہوئے۔ تصادم کے باعث دونوں انجنوں کو چکنا کرنے والا تیل فراہم کرنے والے سسٹم کو نقصان پہنچا۔ جس کی وجہ سے دونوں انجن رک گئے اور انجن بند ہونے سے طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔