
غزہ:اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ کی پٹی میں 29 ہزار اہداف پر لڑاکا طیاروں سے بمباری کی ہے۔ برطانوی اخبار مڈل ایسٹ مانیٹر نے اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ کے حوالہ سے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے طیاروں نے تمام محاذوں پر 31,000 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان میں سے زیادہ تر یعنی تقریباً 29,000 اہداف پر غزہ کی پٹی میں بمباری کی گئی۔ لبنان کے ساتھ شمالی میدان میں تقریباً 1100 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ان اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ غزہ کی پٹی جس کا کل رقبہ 365 مربع کلو میٹر ہے کے ہر مربع کلومیٹر پر تقریباً 80 فضائی حملے ہوئے۔ اسرائیلی فوجی نے غزہ میں اپنی کارروائیوں کے دوران رہائشی عمارتوں ، گھروں اور پناہ گاہوں اور ان کے مکینوں کو نشانہ بنایا۔ اخبارنے مزید بتایا کہ اسرائیلی افواج نے تقریباً 7,000 زمینی حملے کئے، تقریباً 26,000 حملے جنگی طیاروں کے ذریعے کئے گئے، 3,800 حملے فوجی ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے اور تقریباً 3,800 حملے ڈرون کے ذریعے کئے گئے۔