
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب رضوان نصیر کا کہنا ہے پنجاب میں بارشوں کے بعد چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب رضوان نصیر کا کہنا تھا موسیماتی تبدیلی دنیا کیلئے چیلنج ہے، 17 جولائی کے بعد چکوال، جہلم، راولپنڈی اور لاہور میں بارشیں زیادہ ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بارش کے دوران 119 اموات ہوئیں، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ان کا کہنا تھا انتظامیہ اور ریسکیو نے بروقت نکاس آب کو یقینی بنایا، پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر صورتحال کو کنٹرول کر رہے ہیں، عوام بارشوں کے دوران بچوں کو محفوظ رکھیں، گھروں کی چھتوں کو ضرور چیک کریں، بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پورے پنجاب میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔رضوان نصیر نے بتایا کہ 2005 کے زلزلے میں ہمارے پاس کوئی نظام نہیں تھا، باہرسے ٹیمیں آئی تھیں، آج ہمارے تمام اضلاع میں مشینری اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔ان کا کہنا تھا دریاؤں کے ساتھ غیر قانونی آبادیوں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں، اربن فلڈنگ پر توجہ دی جارہی ہے، تمام نالوں کو پہلے سے صاف کر لیا گیا تھا، ضلعی انتظامیہ کی مدد سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا گیا۔