
اسلام آباد(نیوزڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کا ایف آئی اے چالان سامنے آگیا۔ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائے گئے چالان کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے دورہ سعودی عرب میں حاصل تحائف توشہ خانہ میں جمع نہیں کرائے، بانی پی ٹی آئی نے مئی 2021 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ چالان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو مختلف ممالک کے سربراہان مملکت سے 108تحائف ملے، بانی پی ٹی آئی نے 58تحائف اور باکسز کو توشہ خانہ سے حاصل کیا، بانی پی ٹی آئی نے 58میں سے 14تحائف کی مالیت 3کروڑ 80 لاکھ روپے لگائی۔چالان میں کہا گیا ہے کہ توشہ خانہ تحائف میں بلغاری جیولری سیٹ بھی شامل ہے جس کی اصل مالیت نہ لگائی جاسکی، تحائف کی مکمل تفصیلات توشہ خانہ میں جمع نہیں کروائی گئیں، بلغاری جیولری سیٹ وزیراعظم کی اہلیہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا، بلغاری سیٹ میں ایک عدد بریسلٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس شامل تھا۔چالان کے مطابق بلغاری جیولری سیٹ بیش قیمت اور نوادراتی تھا، سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا تھا، بریسلٹ میں بھی گلابی ہیروں اور دیگر جواہرات کی لڑی تھی، نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور گلابی ہیرے لگے تھے، جھمکوں میں 18 قیراط کے ہیرے اور دیگر جواہرات شامل تھے۔خیال رہے کہ توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔ملزمان بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو چالان کی نقول فراہم کردی گئی ہیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر مزید سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کی ہے۔ توشہ خانہ 2 کیس کی آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔