ایران کے شہر سراوان میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کر دیا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا۔
ایک مقامی بلوچ حقوق گروپ کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں مزید تین افراد زخمی ہوئے اور ہلاک اور زخمی ہونے والے پاکستانی مزدور تھے جو ایک مقامی ورکشاپ میں کام کرتے تھے اور وہیں رہائش پذیر تھے۔
ایران میں فائرنگ سے جاں بحق 5 افراد کا تعلق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور سے ہے، جن میں 2 بھائی بھی شامل ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین نے اسسٹنٹ کمشنر علی پور سے رابطہ کر کے میت لانے میں لواحقین کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے 2 مزدوروں کا تعلق لودھراں کے علاقے گلیوال سے ہے، لودھراں کا رہائشی زبیر اور اس کا بھتیجا ابوبکر کام کے سلسلے میں ایران گئے ہوئے تھے۔
دوسری جانب ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے بھی واقعے میں 9 پاکستانی مزدوروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سراوان میں 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پر انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ سوگوار خاندانوں کی مکمل مدد کرے گا، زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل نے جائے حادثہ اور اسپتال کا دورہ کیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانیوں کے قتل پر ایران سے مکمل تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان پر حملے کے بعد گزشتہ روز ہی پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال ہوئے تھے۔
0 52 1 minute read