انتخاباتپاکستان

پیپلز پارٹی سندھ میں تباہی کے بعد پورے ملک پر حکومت کرنا چاہتی ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی پی سندھ میں تباہی کے بعد پورے ملک پر حکومت کرنا چاہتی ہے۔
کراچی میں تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ معیشت کے حوالے سے وسائل کی کمی نہیں، پاکستان کا معاشی مسئلہ یہ ہے کہ اخراجات زیادہ اور آمدن کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں دو بار کے پی کے کا وزیر خزانہ رہا، جب میں نے عہدہ سنبھالا تو صوبے پر بہت زیادہ قرضہ تھا، میں نے اپنے دور میں کے پی کے کو قرضوں سے پاک کیا، اصل مسئلہ دیانت دار کا ہے۔
پچھلے ایک سال سے اپنے منشور پر کام کر رہا ہے، ہمارے پاس ہر شعبے کے 1200 ماہرین ہیں، زراعت، صنعتی ترقی، تعلیم اور صحت سب کے لیے ایک مکمل منصوبہ ہے۔
سراج الحق نے زور دے کر کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ 8 فروری کے بعد ایران اور افغانستان ایک ہی میز پر بٹھائیںگے، ہم اس خطے میں امن چاہتے ہیں، ہم تینوں ممالک کی امن کانفرنس بلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ زہریلے اختلافات ختم کرنے کا ارادہ ہے، تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیبلشمنٹ مل کر بیٹھیں گے، ہمیں بڑے دشمن سے لڑنا ہے، جو سہ رخی جنگ شروع کرنا چاہتا ہے، اس کے لیے ہم سب کو مل کر چلنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کا بجٹ ایک ہی کلاسکے بناتے ہیں جو کبھی ریٹائر نہیں ہوتے، یہ آئی ایم ایف کے لوگ ہیں جو ان کے فیصلے پر عمل کرتے ہیں، قرض کے بعد قرض ملنا آئس ہیروئن سے زیادہ خطرناک نشہ ہے، اس وقت پاکستان کا کل بجٹ 14000 ہے، جس میں 7200 ارب روپے بطور سود ادا کیے جائیں گے، اس لیے مزید قرضے لیتے رہیں گے۔
علاوہ ازیں سراج الحق نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں مسلسل پندرہ سال حکومت کی، وہ سندھ میں تباہی کے بعد پورے ملک پر حکومت کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما تین ادوار کے بعد چوتھی مدت چاہتے ہیں، تین سابقہ حکمران جماعتیں ملک کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کر سکیں، عوام خاندانوں کی حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک میں امن، انصاف اور ترقی لائے گی، عوام 8 فروری کو ترازو پر مہر لگائیں گے، ہم انہیں خوشحال پاکستان دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button