اسلام آباد۔:پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا سے مزید 7 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں ۔ محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری اعدادوشمار پر مبنی نجی نیوز چینلز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں نمونیا کے 942 نئے کیسز جبکہ لاہور میں 212 نئے مریضوں میں نمونیا کی تصدیق ہوئی ہے۔رواں ماہ کے دوران صوبہ پنجاب میں نمونیا سے 244 اموات ہوئیں جبکہ لاہور میں 50 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ماہرین صحت نے پنجاب میں نمونیا کے کیسز اور اموات میں تیزی سے اضافے کی وجہ سردیوں کے موسم میں سموگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کو قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موسم سرما کے مہینوں میں پھیلنے والی سموگ نمونیا کے کیسز میں اضافے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔
نمونیا پھیپھڑوں کا ایک انفیکشن ہے جو اکثر وائرس کی وجہ سے ہوتا ہے۔ یہ سردی یا فلو کی علامات کے بعد ظاہر ہوسکتا ہے اور اس کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے مزید کہا کہ عام طور پر نمونیا پانچ سال یا اس سے کم عمر کے بچوں میں زیادہ عام بیماری ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب میں صحت کے حکام نمونیا کے کیسز میں اضافے سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔
0 42 1 minute read