پشاور(بیورورپورٹ)گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے ڈائریکٹرجنرل آڈٹ خیبرپختونخوا شہزاد نعیم نے گورنرہاوس میں ملاقات کی اور گورنر کو صوبائی حکومت کے اخراجات و آمدن اور انوائرمنٹ اینڈوائلڈلائف ڈیپارٹمنٹ کے اخراجات پر مشتمل آڈٹ رپورٹ سال 2022ـ23 پیش کیں۔اس موقع پرڈائریکٹر آڈٹ خیبرپختونخوا ساجد خان اور آڈٹ آفیسر عادل شاہ بھی موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق صوبائی محاصل میں کمی اور اخراجات میں بے ضابطگیاں دکھائی گئی ہیں جبکہ مختلف بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے ساتھ غیرملکی قرضوں کا مخصوص منصوبوں کے علاوہ کسی اورجگہ پر غلط استعمال کرنے کا بھی بتایاگیا ہے۔ اس موقع پر گورنر نے آڈٹ رپورٹ کی تیاری کو مالی امور میں شفافیت سے متعلق خوش ائند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے میں مالی امور میں شفافیت کیلئے آڈٹ لازمی جزو ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ آڈٹ رپورٹ کی سفارشات پر من و عن عملدرآمد بھی یقینی بنانا چاہئے کیونکہ اس سے نہ صرف مستقبل میں مالی مسائل سے دوچار نہیں ہونا پڑے گا بلکہ رپورٹ کی تجاویز و سفارشات سے مالی امور میں مزید شفافیت بھی لائی جا سکتی ہے۔گورنر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور تمام ادارے صوبہ کی ترقی و خوشحالی اور گڈ گورننس کیلئے کام کر رہے ہیں، آڈٹ رپورٹ کی سفارشات کسی کیخلاف نہیں بلکہ صوبائی اخراجات میں مزید شفافیت لانے اور غلطیوں، خامیوں کے خاتمہ کیلئے ایک بہترین کوشش ہے، آڈٹ رپورٹ میں جن مالی بے ضابطگیوں، خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اس پر مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی و جامع حکمت علی کیلئے عملدرآمد کرنا انتہائی ضروری ہے، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آڈٹ رپورٹ میں جن بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے وہ متعلقہ حکام کو بجھوائی جائیں گی،علاوہ ازیں گورنر سے تنظیم تاجران خیبرپختونخوا کے صدر ملک مہر الہی نے پشاور کی تاجر برادری کے وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور آتشزدگی کا شکار ہونیوالے ٹائم سنٹر کو دکانداروں اور تاجروں کیلئے کھلوانے پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آتشزدگی کی باعث ٹائم سنٹر کے تاجر برادری کا انتہائی مالی نقصان ہوا ہے جس پر صوبائی و وفاقی حکومت متاثرہ تاجروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی جیسے مالی تعاون یقینی بنائے. جس پر گورنر نے کہا کہ ٹائم سنٹر میں آتشزدگی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے بھی ٹائم سنٹر کا دورہ کیا اور وہ خود بھی صوبائی حکومت سے ٹائم سنٹر کے متاثرہ تاجر برادری کی مدد کیلئے بات کریں گے.وفاق و صوبائی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تاجربرادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے۔
0 25 2 minutes read