نیویارک:پاکستان اور کیریبین ملک سینٹ کٹس اینڈ نیوس نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لئے۔اس سلسلے میں نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں منعقدہ تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ منیر اکرم اور ان کے سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے ہم منصب ڈاکٹر مٹریس ولیمز نے اپنے ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو باضابطہ بنانے کے لیے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس نے 1983 میں آزادی حاصل کی،جو بحر اوقیانوس اور بحیرہ کیریبین کے درمیان واقع ہے۔ اس موقع پر پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے باضابطہ قیام سےفنانس ، تجارت، سرمایہ کاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے کئی شعبوں میں تعاون کی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے نمائندوں کو مختلف سطحوں پر قریبی اور بامعنی بات چیت کا موقع فراہم ہو گا، جس کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے مستقل مشن کے ساتھ دوطرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں نئی شراکت داری کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے سفیرڈاکٹر مٹریس ولیمز نے تقریب کی میزبانی پر پاکستانی مشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک شاید دنیا کے الگ الگ کونے پر واقع ہوں لیکن ان کے درمیان ایک دوسرے کے لیے باہمی احترام اور خیر سگالی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے درمیان سفارتی تعلقات کا باقاعدہ قیام مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سیاحت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کا باعث بنے گا۔
0 40 1 minute read