کالم

عام انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے فوج تعیناتی کی منظوری

وفاقی کابینہ نے الیکشن 2024 کی سیکیورٹی کے لیے فوج کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فوج حساس علاقوں میں کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی۔ وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی اصلاحات کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی، جس میں وزیر انفارمشن اینڈ ٹیکنالوجی اور نجکاری بطور ممبران شامل ہوں گے۔نگران وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس،ملکی سلامتی ،مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔خیال رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے عام انتخابات میں سکیورٹی فراہمی کے لیے پاک فوج کی خدمات کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھجوائی تھی۔کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری منظور کرلی ہے، اس کے تحت 2 لاکھ 77 ہزار پاک فوج کے افسران و اہلکار الیکشن میں تعینات ہوں گے،اس کے ساتھ رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی عام انتخابات میں تعینات ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہیکہ فوج اور سول آرمڈ فورسز حساس حلقوں میں بطورکوئیک ریسپانس فورس فرائض سرانجام دیں گی وفاقی کابینہ نے پاورڈویژن کا سالانہ 600 ارب روپے وصولی کا پلان مسترد کردیا۔نگران وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجلی نادہندگان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اجرا اور تجدید نہ کرنیکی سفارش مسترد کردی گئی۔اس کے علاوہ نادہندگان کو بیرون ملک جانے سے روکنے اوربینک اکائونٹ نہ کھولنے کی سفارش بھی مسترد کی گئی ہے۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاورڈویژن کا سالانہ 600 ارب روپے وصولی کا پلان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاور ڈویژن کا پلان آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے پلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاورڈویژن کو واضح اہداف کے ساتھ جامع پلان پیش کرنیکی ہدایت کی۔کابینہ ارکان نے کہا کہ مسلح افواج اوربیوروکریٹس نے پاور سیکٹر سے زیادہ اہمیت کے کام کرنا ہوتے ہیں، پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ کا قیام قانونی اور سیاسی مشکلات پیدا کرنے کا مجب بنیگا۔کابینہ ارکان نے کہا کہ پاور ڈویژن کی سفارشات مسائل کے حقیقی حل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں تاجکستان کے سفیر عصمت اللہ نصر الدین نے الوداعی ملاقات کی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر اعظم نے عصمت اللہ نصر الدین کی پاکستان تاجکستان تعلقات کے فروغ کیلئے کردار کی تعریف کی۔ وزیرِ اعظم نے تاجک سفیر کیلئے مستقبل میں نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تاجکستان سے آئندہ سفیر بھی اسی طرح دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی کیلئے کلیدی کردار ادا کریں گے۔ تاجک سفیر عصمت اللہ نصر الدین نے پاکستان تاجکستان کے مابین برادرانہ تعلقات کو دیرینہ اور تاریخی قرار دیا۔ تاجک سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کو یادگار اور پاکستانی مہمان نوازی کی تعریف کی۔ تاجکستان کے سفیر نے وزیراعظم کی جانب سے نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے کویتی کمپنی اینرٹیک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبداللہ ال موتیری نے ملاقات کی۔منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نگران وزیراعظم نے اینرٹیک جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا،پاکستان میں توانائی، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی لا محدود استعداد موجود ہے۔ادھرالیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے بلدیاتی و کینٹ بورڈز کے ترقیاتی فنڈز منجمد کردئیے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کینٹ بورڈز کے بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز انتخابات کی تکمیل تک منجمد رہیں گے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلدیاتی ادارے صرف روز مرہ کے امور نمٹائیں گے، بلدیاتی ادارے الیکشن تک صفائی اور سینیٹیشن کا کام کریں گے۔انہوںنے کہا کہ بلدیاتی ادارے نئی اسکیم کا اجرا یا ٹینڈر نہیں کرسکیں گے۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ وہ ترقیاتی کام جاری رہیں گے، جن کا اعلان عام انتخابات کے شیڈول اجراء سے پہلے ہوا۔نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا پر پابندی شفاف الیکشنز کی وجہ سے لگائی گئی۔ادھرالیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 سے قبل الیکشن منیجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس)کے ذریعے نتائج حاصل کرنے کے لیے ایک اور تجرباتی مشق کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،26جنوری کو ہونے والی تجرباتی مشق کے لیے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز اور تمام ریٹرننگ افسران کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔جاری کردہ مراسلے میں ہدایت دی گئی ہیں کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ریٹرننگ افسران 26 جنوری کو رزلٹ کی تیاری کے لیے ای ایم ایس پر تجرباتی مشق کریں، رزلٹ کی تیاری کے لیے مشق ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے ای ایم ایس کی مشق سے متعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز)بھی جاری کر دیے ہیں، اس کے مطابق ریٹرننگ افسر(آر اوز)25 جنوری تک فارم 28 اور 33 میں اندراج مکمل کریں گے جبکہ پریذائیڈنگ افسر 25 جنوری تک پولنگ اسٹیشن کا میپ بھجوائیں گے۔مراسلے میں بتایا گیا کہ تمام پریذائیڈنگ افسران کو آر اوز 25 جنوری تک ڈمی اندراج شدہ فارم 45 مہیا کریں گے، پریذائیڈانگ افسران قومی و صوبائی اسمبلی کے فارم 45 پر نتائج 26 جنوری کو شام 5 بجے بھیجیں گے، پریذائیڈنگ افسران فارم 45 کی موبائل فوٹو لے سکتے ہیں۔کہا گیا کہ26 جنوری شام 5 بجے سے ای ایم ایس آپریٹر ڈیٹا کا اندراج شروع کر دے گا، فارم 45 کے اندراج کے بعد ریٹرننگ افسر فارم 47 تیار کر کے الیکشن کمیشن کو بھیجے گا۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کے دوران چوتھی بار ای ایم ایس کی تجرباتی مشق کررہا ہے۔ادھرصوبا ئی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کی سخت ہدایات پر صوبہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور مانیٹرنگ ٹیموں نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائیاں کیں۔این اے 143ساہیوال کے انتخابی امیدوار ماجد حسین کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرکی طرف سے 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ امیدوار نے ضلعی انتظامیہ سے بغیر اجازت کار ریلی، کارنر میٹنگز اور جلسے کا اہتمام کیا تھا۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ساہیوال نے امیدوار کو وارننگ جاری کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔پنجاب کے مختلف اضلاع سے پلاسٹک پینا فلکسز اور اوورسائیز تشہیری مواد ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ملتان ،وہاڑی اور رحیم یار خان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعلقہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کی طرف سے انتخابی امیدواران کو نوٹسز جاری کئے ۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے آگاہ کیا کہ ضابطہ اخلاق کی متواتر خلاف ورزی پر الیکشن ایکٹ کے سیکشن (4)234کے تحت کیس مزید کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن بھیج دیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button